Get Adobe Flash player

اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر اورمحمود اچکزئی کی ملاقات

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے کئی اہم سیاسی رہنماں نے ملاقات کی ہے۔ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف، بیٹی مریم نوازاورداماد کیپٹن (ر)صفدرحسین سے آج ملاقات کا دن ہے۔ تینوں کی کانفرنس روم میں مشترکہ طورپرملاقاتیں کرائی جارہی ہیں۔اڈیالہ جیل کا گیٹ نمبر5ملاقاتیوں کی گاڑیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ جیل کے اندر اورباہرسیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ اہل خانہ کے علاوہ سیاسی رہنماں اور(ن)لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نواز شریف سے ملاقات کی خواہاں ہے تاہم جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی خواہش کے مطابق ملاقاتیوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔ فہرست کے مطابق ہی ملاقات کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب جیل انتظامیہ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو نواز شریف سے ملاقات سے روک دیا تھا۔ نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر محمود اچکزئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں مارشل لا لگایا گیا ہے، نواز شریف کی غلطی قانون کی بالادستی اور اداروں کی مداخلت روکنے کی کوشش ہے، مجھے سابق وزیر اعظم سے نہیں ملنے دیا جارہا، میں بھی پاکستانی شہری ہوں مجھے ملنے دیا جائے۔ دریں اثنا دونوں سیاسی قائدین کو نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔