Get Adobe Flash player

امریکا کا شمالی کوریا کے ساتھ لین دین کرنے والے ممالک پر بھی پابندی کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا سے لین دین کرنے والے ممالک پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کی وجہ سے اس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکی محکمہ خزانہ کو ہدایات کی ہیں کہ وہ ان ممالک، کمپنیوں اور مالیاتی اداروں پر بھی پابندیاں عائد کرے جو شمالی کوریا کے ساتھ لین دین کر رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی چینی بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ کسی قسم کی لین دین نہ کریں۔ ٹرمپ نے چینی صدر کے اس اقدام کو جرات مندانہ قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کی توقع نہیں کر رہے تھے۔شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کا صدارتی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نئی پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کی آمدنی کے تمام ذرائع کو ختم کرنا ہے جس کی مدد سے وہ تاریخ کے خطرناک ترین ہتھیار تیار کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پابندیوں میں شمالی کوریا کی ٹیکسٹائل، ماہی گیری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیداواری صنعت کو نشانہ بنایا جائے گا۔