Get Adobe Flash player

ریاستی جبر چھپانے کیلئے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جارہی، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھات ریاستی جبر چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور صرف ایک ماہ کے دوران بھارتی جارحیت کی وجہ سے 30شہری شہید ہوچکے ہیں، 300 سے زائد زخمی اور اس دوران 169  کو حراست میں لیا گیا جب کہ 46 مکانات کو مسمار کردیا گیا، اب بھارت اپنا ریاستی جبر  چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی مظالم صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ خود بھارت کے اندر اقلیتی برادریاں محفوظ نہیں، بالخصوص مسلم اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ بانڈری پر بھی ہٹ دھرمی جاری ہے، رواں برس میں اب تک بھارت نے 1400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فائرنگ  سے اب تک 30 سے زائد بے گناہ شہری شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔