Get Adobe Flash player

عمران خان اور شیخ رشید جھوٹے،سپریم کورٹ سے ان کے سیاسی تابوت نکلیں گے، حمزہ شہباز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنے والے عمران خان اور شیخ رشید کے سپریم کورٹ سے سیاسی تابوت نکلیں گے۔ میوزک جلسوں میں بڑھکیں مارنے والے عمران خان اور شیخ رشید پانامہ لیکس کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایک ثبوت بھی پیش نہیں کرسکے۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ (ن) ملتان سٹی کے سینئر نائب صدر شیر محمد انجم سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ان شاء اللہ 2018ء میں بجلی کا بحران بھی ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کی سیاست نے عمران خان کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے شیر محمد انجم خان کی پارٹی خدمات کو سراہا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔